اتوار، 14-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

کیا آپ کی بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی ہو رہی ہے؟ اگر ہاں تو پھر یہ کام لازمی کریں

03 جون, 2026 12:31

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ملک بھر کے لاکھوں مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔

اس پروگرام کے تحت خواتین، بچوں کی تعلیم اور دیگر فلاحی منصوبوں کے لیے باقاعدگی سے وظائف دیے جاتے ہیں۔ تاہم بعض اوقات مستحق افراد کی جانب سے رقم وصول کرتے وقت کٹوتی کی شکایات بھی سامنے آتی ہیں، جس کے باعث کئی خاندان پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

بی آئی ایس پی حکام کے مطابق اگر کسی مستحق فرد کے وظیفے میں غیر قانونی طور پر کٹوتی کی گئی ہو تو اس کے ازالے کے لیے باقاعدہ شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔ ایسی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور درست ثابت ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی بھی کی جاتی ہے۔

وظیفے میں کٹوتی کی صورت میں متاثرہ شخص کو سب سے پہلے اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل آفس سے رابطہ کرنا چاہیے۔ دفتر پہنچنے کے بعد متعلقہ افسر یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو مسئلے سے آگاہ کیا جائے۔ اس کے بعد شکایت برائے خرد برد یا کٹوتی سے متعلق مخصوص فارم حاصل کیا جا سکتا ہے۔

فارم میں درخواست گزار کو اپنا مکمل نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر اور وہ مقام درج کرنا ہوگا جہاں سے رقم وصول کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ کتنی رقم کٹوائی گئی اور کٹوتی کب ہوئی، اس کی مکمل تفصیلات بھی فارم میں درج کرنا ضروری ہوں گی۔

بی آئی ایس پی انتظامیہ کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد اس کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ اگر تحقیقات میں ثابت ہو جائے کہ رقم میں غیر قانونی کٹوتی کی گئی تھی تو متعلقہ بینک یا ادائیگی کے نظام کو ذمہ دار ایجنٹ کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کی جاتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ فرد کی کٹی ہوئی رقم واپس ادا کر دی جاتی ہے۔ اس عمل کا مقصد مستحق افراد کے حقوق کا تحفظ اور امدادی رقوم کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔

بی آئی ایس پی نے مستحق افراد کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہیں وظائف کی ادائیگی، رجسٹریشن یا کسی اور معاملے میں شکایت ہو تو فوری طور پر متعلقہ دفتر سے رابطہ کریں۔ مزید رہنمائی اور شکایات کے اندراج کے لیے پروگرام کی ہیلپ لائن 0800-26477 بھی دستیاب ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔