جمعہ، 12-جون،2026
جمعرات 1447/12/25هـ (11-06-2026م)

گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کے لیے پولنگ جاری، ووٹرز کا بھرپور جوش و خروش

07 جون, 2026 16:31

اسکردو: گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل آج صبح سے جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کی بڑی تعداد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پہنچ رہی ہے اور کئی مقامات پر طویل قطاریں بھی دیکھی گئیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اسکردو میں ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب غیر متعلقہ افراد کی آمد پر تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا، جبکہ استور کے بعض پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کے سست رفتار ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز نے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولنگ کا عمل مقررہ وقت پر شروع ہوا اور عوام بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل شفاف، منصفانہ اور پرامن انداز میں مکمل ہوگا اور ووٹرز کی شرکت جمہوری عمل کو مزید مضبوط بنائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 1,391 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 349 پولنگ اسٹیشن حساس اور 551 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ انتخابات میں 24 نشستوں کے لیے 400 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں جبکہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے 23، مسلم لیگ (ن) کے 22، استحکامِ پاکستان پارٹی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11 اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

اسی طرح مجلس وحدت مسلمین کے 7، جماعت اسلامی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے 6، 6 امیدوار میدان میں موجود ہیں جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے قسمت آزما رہے ہیں۔ انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ مقامی پولیس، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مختلف انتخابی حلقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔