ملک بھر میں شدید گرمی؛ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی

Severe Heat Nationwide; Rain Forecasted in Some Areas
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے اور سورج کی تپش معمول سے زیادہ رہے گی۔
دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا کے علاقوں جیسے سوات، دیر اور چترال میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے جزوی طور پر موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، شمالی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں 10 جون تک شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم 11 اور 12 جون سے موسم میں تبدیلی آنے اور مختلف علاقوں میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی پیشگوئی کی ہے کہ 11 اور 12 جون کو راولپنڈی، لاہور اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 جون سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی، جہاں موسم مزید سخت رہنے کا امکان ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












