بدھ، 10-جون،2026
منگل 1447/12/23هـ (09-06-2026م)

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اتحاد سے حکومت بننے کا امکان

09 جون, 2026 10:26

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اتحاد سے حکومت بننے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

 گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 4 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

دوسری جانب آزاد امیدواروں، جن میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار بھی شامل ہیں، نے مجموعی طور پر 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ایک نشست مجلس وحدت مسلمین کے حصے میں آئی ہے۔

انتخابی نتائج کے بعد گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کا عمل بھی تیز ہو گیا ہے۔ سیاسی حلقوں میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) مل کر مخلوط حکومت تشکیل دے سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کی صورت میں حکومت کا ڈھانچہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) طرز پر بنایا جا سکتا ہے۔ اس مجوزہ فارمولے کے تحت وزیراعلیٰ کا عہدہ پیپلز پارٹی جبکہ گورنر کا منصب مسلم لیگ (ن) کو ملنے کا امکان ہے۔ وزارتوں کی تقسیم کے لیے 60 اور 40 فیصد کا فارمولا بھی زیر غور بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے بعض حلقوں میں بے ضابطگیوں اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث اہم فیصلے کیے ہیں۔ حلقہ GBA-15 دیامر-I کے فیمیل پولنگ اسٹیشن لوشی/جوشی تھک میں ہونے والی پولنگ کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے دوران فائرنگ، پتھراؤ اور کشیدہ حالات کے باعث ووٹنگ کا عمل بار بار متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کر سکے۔

الیکشن کمیشن نے مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر 15 جون 2026 کو دوبارہ پولنگ کروانے کا حکم جاری کر دیا ہے تاکہ تمام ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا مکمل موقع فراہم کیا جا سکے۔

 اسی طرح حلقہ GBA-16 کے تین پولنگ اسٹیشنز گیچی، تھور کھایا اور بی ایچ یو تھور سری میں بھی پولنگ کالعدم قرار دی گئی ہے۔ ان مقامات پر بھی 15 جون کو دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔