ہفتہ، 13-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

بڑے اضلاع کو این ایف سی کا حصہ بنائے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے، فاروق ستار

13 جون, 2026 15:07

فاروق ستار نے معاشی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ریونیو دینے والے شہروں کو این ایف سی کے تحت فنڈز نہیں ملیں گے، ملکی ترقی ممکن نہیں ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق میں پاک افواج اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب میدانِ جنگ سے نکل کر عالمی اسٹیج پر پہنچ چکا ہے اور جس حکومت نے ملک کا دفاع کیا ہے، اب اسی کو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

فاروق ستار نے کہا کہ گلوبل پاورز کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد اب عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا سب سے ضروری ہے اور اس کے لیے عام آدمی تک معاشی و معاشرتی اختیارات منتقل کرنا ہوں گے۔

انہوں نے حکومت کے ٹیکس اقدامات اور انکم ٹیکس سلیبز پر کام کو سراہا لیکن واضح کیا کہ جب تک بنیادی اور انقلابی اصلاحات نہیں کی جاتیں، ملک کی معاشی ترقی کی شرح کو 5 فیصد تک نہیں لے جایا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو ایوان میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں، بیرسٹر گوہر

انہوں نے این ایف سی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آٹھویں قومی مالیاتی کمیشن میں وسائل کی تقسیم کے فارمولے کو بدلنا ہوگا اور مرکز و صوبوں کے ساتھ ساتھ ملک کے 144 اضلاع کو بھی اس کا حصہ بنانا ہوگا کیونکہ آئین کے آرٹیکل 107 کے تحت اضلاع کو فنڈز دینا لازم ہے۔

فاروق ستار نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18 سال سے ایک کرپٹ حکومت سندھ پر مسلط ہے، جس کی وجہ سے کراچی جیسا سونا اگلنے والا شہر اور ملک کا سرمایہ دینے والے اضلاع نظرانداز ہو رہے ہیں، اور یہی حال فیصل آباد اور پشاور کا بھی ہے۔

کراچی میں آج 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور بنیادی اصلاحات نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کا سرمایہ خلیجی اور مغربی ممالک میں منتقل ہو گیا ہے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ ایم کیو ایم نے 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم میں حکومت کی بلا مشروط حمایت کی حالانکہ اس سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا، لیکن جب ہماری باری آئی تو حکومت کو ریڈ لائنز یاد آ گئیں، اب حکومت کو لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنا ہوگا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر کام کرنا ہوگا کیونکہ اب شہروں پر اولے نہیں بلکہ آسمان سے مسائل کے گولے برس رہے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔