ایکسٹینشن لینے والا لیڈر حقوق نہیں دلوا سکتا، مصطفیٰ کمال کی خالد مقبول صدیقی کا نام لیے بغیر کڑی تنقید

مصطفیٰ کمال نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور پارٹی قیادت پر نام لیے بغیر کڑی تنقید کی ہے۔
کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنماء مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سانحہ بلدیہ فیکٹری کے تمام لواحقین سے دلی ہمدردی کرتے ہیں، تاہم اس اندوہناک آتشزدگی کے اصل ذمہ دار فیکٹری کے مالکان ہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ کیس میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو عدالت سے باعزت بری کیا گیا ہے کیونکہ اس کیس میں بے گناہوں کو زبردستی شامل کیا گیا تھا۔
مصطفیٰ کمال نے سپریم کورٹ کے ججز کو سلام پیش کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اگر آج بانی ایم کیو ایم کا دور ہوتا تو کئی بے گناہ لوگ پھانسی چڑھ چکے ہوتے۔ یہ ہمارے نظریے کی جیت ہے ورنہ تاقیامت ہم پر یہ الزام لگا رہتا، لوگ سمجھتے تھے کہ ہم اتنے برے ہیں کہ پیسوں کی خاطر انسانوں کو زندہ جلا دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضے کیخلاف ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس، مزاحمت کا اعلان
نیوز کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول صدیقی کا نام لیے بغیر ان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ہمیں کہیں کا چیئرمین بنوا دو، ہم بنوا دیں گے، لیکن جن سے ہمیں حقوق لینے ہیں، اب انہی سے سفارشیں کروائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ ایکسٹینشن لینے والا لیڈر قوم کو ان کے حقوق نہیں دلوا سکتا۔ تاریخ اور اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے کہ کوئی لیڈر اپنے لیے ایکسٹینشن مانگ رہا ہے، ورنہ پارٹی لیڈر کی تو اتنی رٹ ہوتی ہے کہ پارٹی الیکشن ہی نہیں کروانے پڑتے۔
مصطفیٰ کمال نے سوال اٹھایا کہ کیا میرے کہنے سے آپ کو برا لگتا ہے؟ کیا میں جواب دوں؟ وہ لیڈر آج بھی ایم این اے ہے لیکن کیا کوئی میٹنگ کال کی گئی؟ ہم لاکھوں لوگوں کی قربانیوں سے یہاں تک پہنچے ہیں، اگر ہم گالیوں سے ڈرنے والے ہوتے تو بانی ایم کیو ایم کے سامنے کبھی کھڑے نہ ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے حقوق کیلئے آج بھی چیلنجز ہیں، 28 ویں ترمیم صرف کراچی کا نہیں پورے پاکستان کا معاملہ ہے کیونکہ عام آدمی کو حقوق نہیں مل رہے اور یہ ترمیم اب ناگزیر ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









