ممتاز عالم دین مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی رحلت فرما گئے

Prominent Religious Scholar Passes Away
ممتاز عالم دین مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی انتقال کر گئے۔
معروف عالم دین، ممتاز فقیہ اور منہاج القرآن کے دارالافتاء کے سربراہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد دینی، علمی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے شاگردوں، ساتھی علماء اور عقیدت مندوں نے ان کی رحلت کو ایک بڑا علمی نقصان قرار دیا ہے۔
مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی خدمت، تعلیم و تدریس اور فتویٰ نویسی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ فقہ، حدیث اور اسلامی علوم کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ ان کی علمی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور انہیں ملک بھر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
مرحوم گزشتہ 38 برس سے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں تدریسی فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے ہزاروں طلبہ کو دینی علوم سے آراستہ کیا۔ ان کے بے شمار شاگرد آج پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دینی اور تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
علمی حلقوں کے مطابق مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نہ صرف ایک بہترین استاد تھے بلکہ تحقیق اور رہنمائی کے میدان میں بھی ان کی خدمات نمایاں تھیں۔ وہ پیچیدہ دینی مسائل کو آسان انداز میں سمجھانے کی صلاحیت رکھتے تھے، جس کی وجہ سے طلبہ اور عام لوگ ان سے خصوصی عقیدت رکھتے تھے۔
مرحوم کی نماز جنازہ مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں ادا کی گی۔ نماز جنازہ کی امامت چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ نماز جنازہ میں علماء، طلبہ، سماجی شخصیات اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے دین اسلام کی خدمت اور علمی فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










