منگل، 16-جون،2026
منگل 1448/01/01هـ (16-06-2026م)

بارشیں ہی بارشیں؛ محکمہ موسمیات نے بڑی خوشخبری سنادی

16 جون, 2026 10:02

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 20 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے چند روز کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہ سکتا ہے جس کے باعث بعض مقامات پر شدید بارش بھی متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے بھی صوبے کے مختلف اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی موسم پر اثر انداز ہوں گی۔ یہی موسمی نظام مختلف علاقوں میں بارشوں کا سبب بنے گا اور 20 جون تک اس کے اثرات برقرار رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح کالام، سوات، پاڑاچنار اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث شاہراہیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 16 سے 20 جون کے دوران گرد آلود ہوائیں، آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو تیار رہنے کا کہا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔