بدھ، 24-جون،2026
بدھ 1448/01/09هـ (24-06-2026م)

کوئی ملک آبنائے ہرمز پر ٹول یا فیس عائد نہیں کر سکتا، امریکی وزیر خارجہ

24 جون, 2026 09:13

امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ کوئی ملک آبنائے ہرمز پر ٹول یا فیس عائد نہیں کر سکتا۔

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے پر مشاورت کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ اسی مقصد کے تحت امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو خلیجی اتحادیوں سے ملاقاتوں کے لیے ابوظبی پہنچ گئے ہیں۔

 امریکی میڈیا کے مطابق اس دورے میں خطے کی سیکیورٹی، ایران کے ساتھ مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

ابوظبی پہنچنے کے بعد مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے۔ عالمی قوانین کے تحت کسی بھی ملک کو وہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول ٹیکس یا اضافی فیس لگانے کی اجازت نہیں۔ اس معاملے پر امریکا کا مؤقف واضح ہے اور خطے کے کئی ممالک بھی اسی رائے کی حمایت کرتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اگر ایران علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے تو ترقی اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ جب تک خطے میں مسلح گروہوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی، امن قائم کرنا آسان نہیں ہوگا۔

مارکو روبیو نے عراق کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا میزائل اور ڈرون حملے پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان آئندہ ہونے والی بات چیت میں ان معاملات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

دوسری جانب عمان اور ایران نے حالیہ مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ دونوں ممالک آبنائے ہرمز کے انتظام اور وہاں فراہم کی جانے والی خدمات کے بدلے وصول کی جانے والی فیس کے نظام کا جائزہ لیں گے۔ اس پیش رفت پر عالمی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل کی جاتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔