تہران کیخلاف کسی بھی غلط فہمی کا جواب تباہ کن اور دردناک ہو گا، ایرانی چیف آف اسٹاف

ایران نے نئے عسکری خطرات اور سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف کسی بھی مہم جوئی پر انتہائی تباہ کن اور سخت ردعمل دینے کا انتباہ جاری کر دیا۔
ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے واضح کیا ہے کہ ایران کی عسکری صلاحیتوں کو کم تر سمجھنے یا کسی بھی قسم کی غلط فہمی کی صورت میں دشمنوں کو تباہ کن اور ناقابلِ تلافی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی قومی نشریاتی ادارے کے مطابق چیف آف اسٹاف نے یہ انتباہ ملک کی دفاعی صنعت کے دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں دیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی جدید یا روایت کے برعکس پیدا ہونے والے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : چین اور روس کا ایران کو تعاون، ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کو الگ تھلگ کرنے کا پلان ناکام ہونے کا خدشہ
میجر جنرل علی عبداللہی نے اپنے پیغام میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایرانی فورسز نے تمام محاذوں یعنی زمینی، سمندری، فضائی، فضائی دفاع، خلائی اور سائیبر سمیت تمام شعبوں میں اپنی دفاعی تیاریوں کو اعلیٰ ترین سطح پر برقرار رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں میں ایرانی وزارت دفاع کے اندر ہونے والی پیش رفت صرف روایتی عسکری سامان اور ہتھیاروں کی تیاری تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ ایک جامع دفاعی انقلاب بن چکی ہے، جس نے ملک کی مجموعی سلامتی کو نئی قوت بخشی ہے۔
ایرانی ملٹری چیف نے مزید کہا کہ دفاعی ٹیکنالوجی کی جدید انتظامیہ، دفاعی معیشت، علم پر مبنی صنعتوں اور جدید ترین پیداواری نظام میں ہونے والی اصلاحات دشمن کے لیے ایک زبردست موثر رکاوٹ بن چکی ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دفاعی شعبے میں کی جانے والی ان انقلابی تبدیلیوں کا بنیادی مقصد آنے والے دنوں میں جنگ کے طریقہ کار میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور جدید خطرات سے اپنے ملک کا موثر دفاع یقینی بنانا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










