جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

عراقی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکروں کے درمیان ’’الخلیج العربی‘‘ اور ’’الخلیج الفارسی‘‘ کا تنازع

21 اگست, 2026 10:37

بغداد میں عراقی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکروں کی ملاقات کے دوران خلیج کے نام پر لفظی اور جغرافیائی نقشوں کی جنگ چھڑ گئی، جس نے دونوں ملکوں کے میڈیا کی توجہ حاصل کر لی۔

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر ہیبت الحلبوسی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے درمیان بغداد میں ہونے والی ملاقات کے دوران خلیج کے تاریخی نام اور نقشے پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر قالیباف بدھ کے روز 3 روزہ دورے پر بغداد پہنچے۔ انہوں نے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ابو مہدی المهندس اور قاسم سلیمانی کی یادگار پر پھول چڑھائے اور صحافیوں کو بتایا کہ ان کا ملک غیر ملکی مداخلت کے بغیر دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے دورہ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : معلوم نہیں اس وقت ایران کون چلا رہا ہے، معاہدہ کرنا اب آسان نہیں رہا، ڈونلڈ ٹرمپ

تاہم جب وہ عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر ہیبت الحلبوسی سے ان کے دفتر میں ملنے پہنچے تو بات چیت کے دوران قالیباف نے اس سمندری علاقے کے لیے ’’الخلیج الفارسی‘‘ کی اصطلاح استعمال کی۔

اس بات پر عراقی اسپیکر ہیبت الحلبوسی نے فوری اور حتمی ردعمل دیتے ہوئے ان کی بات کاٹی اور واضح کہا کہ نہیں، بلکہ اس کا نام ’’الخلیج العربی‘‘ ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تنازع صرف اس ملاقات کے کمرے تک ہی محدود نہ رہا بلکہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی نقشوں کی ایک جنگ شروع ہو گئی۔ ملاقات کے بعد ایرانی اسپیکر نے ایک تصویر شائع کی، جس کے پس منظر کے نقشے میں ’’الخلیج الفارسی‘‘ درج تھا۔

ایرانی اقدام کے فوراً بعد عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر ہیبت الحلبوسی نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک دوسری تصویر جاری کی، جس کے پیچھے لگے نقشے میں ’’الخلیج العربی‘‘ لکھا ہوا تھا اور انہوں نے ساتھ میں ’’الخلیج العربی‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی شامل کیا۔

اس طرح دوطرفہ سیاست، سیکیورٹی اور معاشی امور سے متعلق شروع ہونے والی یہ اہم ملاقات خلیج کے نام پر شدید اختلافات اور دونوں رہنماؤں کی جانب سے الگ الگ نقشوں کی نمائش پر ختم ہو گئی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔