بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہونے کا خطرہ؟ پی ٹی اے کی صارفین کے لیے اہم ہدایت

01 جولائی, 2026 09:03

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض حالات میں صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس، چیٹس اور روابط تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ یہ مسئلہ خاص طور پر ان صارفین کو متاثر کر سکتا ہے جن کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ایسے موبائل نمبروں پر قائم ہیں جو غیر فعال، بند یا غیر رجسٹرڈ سم کارڈز پر چل رہے ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق اگر کسی صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایسی سم سے منسلک ہے جو بلاک یا ڈی ایکٹیویٹ ہو چکی ہو، تو اس صورت میں صارف کسی بھی وقت اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہو سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس بات کی تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایک فعال اور ان کے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر کے ساتھ منسلک ہے۔ اس کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز میں جا کر نمبر کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ اگر واٹس ایپ کسی غیر فعال یا بند سم پر چل رہا ہو تو صارفین اسے فوری طور پر اپنے فعال موبائل نمبر پر منتقل کریں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ موبائل نیٹ ورک کی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق صارفین کے لیے اپنی سم کی بائیومیٹرک تصدیق اور باقاعدہ ایکٹیویشن بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کی ڈیجیٹل شناخت محفوظ رہے۔

اتھارٹی نے کہا کہ موبائل نمبر اب صرف رابطے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ یہ ایک ڈیجیٹل شناخت کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، اس لیے صارفین اپنی ڈیجیٹل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔