ہفتہ، 4-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/19هـ (04-07-2026م)

پی ٹی اے کی اہم وضاحت؛ موبائل ٹیکس اقساط میں ادا کرنے سے متعلق خبر جعلی قرار

04 جولائی, 2026 10:31

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک مبینہ نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

اس جعلی نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اب موبائل فونز پر عائد ٹیکس اور ڈیوٹیز اقساط میں ادا کی جا سکتی ہیں۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ اس نے اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ شہری غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موبائل فونز پر عائد ٹیکس، ڈیوٹیز اور دیگر مالی واجبات کا تعین، نفاذ اور وصولی صرف فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ذمہ داری ہے۔ پی ٹی اے کا ان ٹیکسز کی شرح مقرر کرنے، ان میں تبدیلی کرنے یا ادائیگی کے طریقہ کار سے کوئی تعلق نہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ادارے کا کردار صرف ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے موبائل فونز کی رجسٹریشن، تصدیق اور غیر قانونی ڈیوائسز کی نگرانی تک محدود ہے۔ اس نظام کے ذریعے صرف یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ پاکستان میں استعمال ہونے والے موبائل فونز قانونی طور پر رجسٹرڈ ہوں۔

بیان میں کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی اے کی جانب سے صرف ایک عوامی اطلاع جاری کی گئی تھی، جس کا تعلق DIRBS سسٹم کی شیڈولڈ مینٹیننس سے تھا۔ اس دوران بعض آن لائن سروسز کچھ وقت کے لیے متاثر ہو سکتی ہیں، تاہم اس کا موبائل ٹیکس یا اقساط میں ادائیگی سے کوئی تعلق نہیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔