فیس بک صارفین ہوشیار! پبلک پوسٹس اب اے آئی سرچ کا حصہ

Think Before Posting on Facebook
فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اب سوشل میڈیا پر کی جانے والی عوامی (Public) پوسٹس پہلے سے کہیں زیادہ آسانی سے تلاش کی جا سکیں گی۔ اس کی وجہ فیس بک کا نیا مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سرچ سسٹم ہے، جو پبلک پوسٹس، تبصروں اور دیگر دستیاب معلومات کو بطور ڈیٹا استعمال کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق فیس بک اپنے سرچ فیچر میں بڑی تبدیلی لانے کی تیاری کر رہا ہے۔ نئے اے آئی سرچ موڈ کے بعد سرچ بار صرف الفاظ تلاش کرنے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ایک ذہین چیٹ اسسٹنٹ کی طرح صارفین کے سوالات کے مطابق معلومات فراہم کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے کئی سال پہلے کی عوامی پوسٹس بھی چند لمحوں میں تلاش کی جا سکیں گی، جنہیں پہلے ڈھونڈنا کافی مشکل ہوتا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیچر تحقیق، معلومات کے حصول اور پرانی پوسٹس تلاش کرنے کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے، لیکن اس کے غلط استعمال کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اگر کسی صارف نے ماضی میں اپنی ذاتی زندگی، خاندانی معاملات، سفر، ملازمت یا دیگر حساس معلومات پبلک پوسٹس میں شیئر کی ہیں تو وہ اب پہلے سے کہیں زیادہ آسانی سے سامنے آ سکتی ہیں۔
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی سرچ ٹیکنالوجی سائبر جرائم میں ملوث افراد کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ فراڈ کرنے والے عناصر عوامی معلومات کا تجزیہ کر کے صارفین کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں، جس سے فشنگ، جعلی شناخت، مالی فراڈ یا دیگر آن لائن جرائم کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فیس بک پوسٹس کی پرائیویسی سیٹنگز ضرور چیک کریں۔ اگر پرانی پوسٹس پبلک ہیں تو انہیں صرف دوستوں (Friends) تک محدود کرنا بہتر ہوگا۔ اس مقصد کے لیے فیس بک کی Settings میں جا کر Limit Past Posts کا آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے تمام پرانی عوامی پوسٹس صرف فرینڈز کے لیے محدود ہو جائیں گی۔
ماہرین نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر کبھی بھی شناختی دستاویزات، گھر کا پتہ، فون نمبر، بینک معلومات، سفری منصوبے یا دیگر ذاتی تفصیلات عوامی طور پر شیئر نہیں کرنی چاہئیں۔ اس کے علاوہ صارفین کو وقتاً فوقتاً اپنی پرائیویسی سیٹنگز کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ ان کا ذاتی ڈیٹا غیر ضروری طور پر سب کے لیے دستیاب نہ رہے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











