جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

وفاقی آئینی عدالت نے نسلہ ٹاور کے حوالے سے سپریم کورٹ کے پرانے احکامات واپس لے لیئے

10 جولائی, 2026 15:01

وفاقی آئینی عدالت نے کراچی کے مشہور نسلہ ٹاور کی مسماری کا سبب بننے والے سپریم کورٹ کے سال 2018 اور 2019 کے پرانے احکامات کو باضابطہ طور پر واپس لے لیا۔

وفاقی آئینی عدالت نے اپنے ایک انتہائی اہم فیصلے میں واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کا بنیادی اختیار صوبائی حکومت کا ہے، عدلیہ کا نہیں ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ عدالتوں کو ہمیشہ اپنے سامنے موجود اصل تنازع تک ہی محدود رہنا چاہیے اور انہیں دیگر غیر ضروری معاملات میں مداخلت کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے ماضی میں زیرِ سماعت مقدمے سے آگے بڑھ کر بہت زیادہ وسیع احکامات جاری کیے تھے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی رپورٹس کی بنیاد پر تمام قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کسی بھی عمارت کو مسمار کرنے کے احکامات جاری نہیں کیے جا سکتے، کیونکہ منصفانہ قانونی کارروائی یعنی ڈیو پروسیس ہر مقدمے میں ایک لازمی آئینی تقاضا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چیف جسٹس پاکستان نے نسلہ ٹاور کی زمین کو نیلام کرنے کا حکم دیدیا

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید وضاحت کی کہ اس فیصلے کا مقصد غیر قانونی تعمیرات کو کسی قسم کا قانونی تحفظ دینا ہرگز نہیں ہے، بلکہ صرف قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

کراچی میں غیر قانونی تعمیرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر قانونی نظام اور متعلقہ ادارے پہلے سے ہی موجود ہیں، اور سندھ حکومت سمیت تمام متعلقہ ادارے غیر قانونی تعمیرات کی نگرانی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے آئینی و قانونی طور پر پابند ہیں۔

اس اہم فیصلے کے ذریعے وفاق آئینی عدالت نے نسلہ ٹاور کی مسماری کا سبب بننے والے 21 دسمبر 2018 اور 22 جنوری 2019 کے سپریم کورٹ کے احکامات اور ان کے تحت ہونے والی تمام کارروائیاں واپس لے لی ہیں۔

اس کیس میں جسٹس سید ارشد حسین شاہ نے ایک اضافی نوٹ بھی تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور عوامی سہولیات کا تحفظ کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پارکس، کھیل کے میدان، گرین بیلٹس، فٹ پاتھ، ساحل اور دیگر تمام عوامی مقامات کو غیر قانونی قبضوں اور کسی بھی قسم کی تبدیلیوں سے ہر صورت محفوظ رکھا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔