اکثر افراد کو پاپنگ ببل پھوڑنے کا شوق کیوں ہوتا ہے؟ ماہرینِ نے بڑا راز بتا دیا

Why People Love Bubble Popping
اگر آپ بھی کسی پارسل کے ساتھ آنے والے ببل ریپ کے بلبلے پھوڑنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں تو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ماہرینِ نفسیات کے مطابق یہ عادت غیر معمولی یا بچگانہ نہیں بلکہ ذہنی سکون حاصل کرنے کا ایک قدرتی طریقہ ہو سکتی ہے۔
حالیہ نفسیاتی جائزوں میں بتایا گیا ہے کہ ببل ریپ کے بلبلے دبانے اور پھوڑنے سے دماغ کو وقتی سکون ملتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ اور تھکن میں کمی محسوس ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ببل ریپ پھوڑنے کے دوران انسان ایک ہی وقت میں کئی حسی تجربات سے گزرتا ہے۔ انگلیوں کا دباؤ، بلبلے کے پھٹنے کی آواز اور اس کا غائب ہونا دماغ کو ایک متوازن اور خوشگوار احساس دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سادہ سی سرگرمی بہت سے لوگوں کو بار بار کرنے کا دل چاہتا ہے۔
نفسیات کے ماہرین کے مطابق ہر بار ایک بلبلہ پھوٹنے پر دماغ کو ایک چھوٹی کامیابی کا احساس ملتا ہے۔ اس سے خوشی اور اطمینان سے متعلق دماغی نظام متحرک ہوتا ہے۔ یہی عمل انسان کے موڈ کو بہتر بنانے اور پریشانی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسی لیے کئی افراد مشکل یا مصروف دن کے بعد ببل ریپ پھوڑنے کو آرام دہ سرگرمی سمجھتے ہیں۔
ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ بار بار دہرائی جانے والی آسان سرگرمیاں، جیسے اسٹریس بال دبانا، بُنائی کرنا یا ببل ریپ پھوڑنا، ذہنی یکسوئی پیدا کرتی ہیں۔ ان سرگرمیوں سے دماغ وقتی طور پر روزمرہ کے مسائل سے ہٹ جاتا ہے اور انسان خود کو زیادہ پُرسکون محسوس کرتا ہے۔
نفسیات دان ڈینیل برلائن کے نظریے کے مطابق اگرچہ ہر بلبلہ پھوٹنے کا نتیجہ پہلے سے معلوم ہوتا ہے، لیکن اس عمل کی مسلسل تکرار دماغ کو متحرک رکھتی ہے۔ دوسری جانب کھیل اور انسانی رویوں کے ماہر اسٹیورٹ براؤن کا کہنا ہے کہ ہلکی پھلکی اور تفریحی سرگرمیاں صرف بچوں کے لیے نہیں بلکہ بڑوں کی ذہنی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔
ماہرین نے خود ارادیت کے نظریے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انسان بعض کام صرف اس لیے کرتا ہے کیونکہ انہیں انجام دینے سے اندرونی خوشی اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ ببل ریپ پھوڑنا بھی ایسی ہی سرگرمیوں میں شامل ہے، جس میں کسی مادی فائدے کے بغیر صرف ذہنی سکون ملتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص کبھی کبھار ببل ریپ کے بلبلے پھوڑتا ہے تو اسے غیر سنجیدہ یا ناپختہ سمجھنے کی ضرورت نہیں۔ یہ ایک بے ضرر عادت ہے جو بہت سے لوگوں کے لیے ذہنی دباؤ کم کرنے، توجہ بہتر بنانے اور وقتی سکون حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












