جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

قومی بچت اسکیموں پر منافع کم کر دیا گیا، ایک لاکھ روپے پر ماہانہ 960 روپے ملیں گے

23 جولائی, 2026 11:43

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کر دی ہے، جس کے بعد پنشنرز، عام سرمایہ کاروں اور ویلفیئر اکاؤنٹ رکھنے والے افراد کو پہلے کے مقابلے میں کم منافع حاصل ہوگا۔

قومی بچت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح کم کر کے 11.52 فیصد سالانہ مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی شرح کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ تقریباً 960 روپے منافع دیا جائے گا۔

حکومت نے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ اور پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ پر بھی منافع کی شرح کم کرتے ہوئے اسے 12.96 فیصد سالانہ کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر پہلے چھ ماہ کے لیے سالانہ منافع کی شرح 11.2 فیصد جبکہ اگلے چھ ماہ کے لیے 12.6 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر بھی منافع کی شرح کم کر کے 12.96 فیصد سالانہ کر دی گئی ہے۔

قومی بچت حکام کے مطابق نئی منافع کی شرحیں فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہیں، جس کا اطلاق نئی اور موجودہ سرمایہ کاری پر مقررہ قواعد کے مطابق ہوگا۔

ماہرین کے مطابق قومی بچت اسکیموں پر منافع میں کمی کا فیصلہ شرح سود میں تبدیلی اور معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاہم اس سے مقررہ آمدنی پر انحصار کرنے والے افراد کی ماہانہ آمدن متاثر ہو سکتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔