جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا کی بڑی سہولت، موبائل رجسٹریشن ٹیم کا نیا شیڈول جاری

23 جولائی, 2026 13:00

ریاض: سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اہم سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔

نادرا نے موبائل رجسٹریشن ٹیم کے نئے دورے کا شیڈول جاری کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو ان کے قریب شناختی دستاویزات کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نادرا کے مطابق پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب کے شہر الظہران کا دورہ کرے گی، جہاں پاکستانی شہریوں کے لیے خصوصی رجسٹریشن کیمپ قائم کیا جائے گا۔


اعلامیے کے مطابق یہ خصوصی کیمپ تمیمی نیو کیمپ، الظہران ایسٹرن پراونس میں منعقد ہوگا، جہاں پاکستانی شہری 24 اور 25 جولائی 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک نادرا کی مختلف خدمات حاصل کر سکیں گے۔

نادرا موبائل رجسٹریشن کیمپ میں شہریوں کو نیا قومی شناختی کارڈ (NICOP) بنانے، موجودہ شناختی کارڈ کی تجدید، معلومات میں ترمیم، گمشدہ کارڈ کی دوبارہ اجرائی اور خاندانی معلومات کی درستگی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

نادرا حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جنہیں شناختی دستاویزات کے حصول یا تجدید کے لیے طویل فاصلے طے کرکے سفارتی مراکز جانا پڑتا ہے۔ موبائل رجسٹریشن ٹیم کے ذریعے شہریوں کو ان کے علاقوں کے قریب ہی جدید سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

ادارے نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر ضروری دستاویزات کے ہمراہ کیمپ پہنچیں تاکہ درخواستوں پر بروقت کارروائی مکمل کی جا سکے۔


نادرا کے مطابق مستقبل میں سعودی عرب کے دیگر شہروں میں بھی ایسے موبائل رجسٹریشن کیمپ قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نادرا کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل رجسٹریشن سروس سے وقت، اخراجات اور سفری مشکلات میں کمی آئے گی جبکہ شناختی دستاویزات کی بروقت تجدید بھی آسان ہو جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔