جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 3 بھتہ خور ہلاک، 2 گرفتار

24 جولائی, 2026 13:37

کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے بھتہ خور گروہ کے 3 ملزمان کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کر لیا۔

سندھ رینجرز اور پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کراچی کے علاقوں ملیر اور کیماڑی میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی مشترکہ آپریشن کیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملیر میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروہ کے 3 بھتہ خور مارے گئے، جبکہ ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ہلاک ملزمان کی شناخت شاہ رخ عرف جگنو، راغب علی مرزا اور علی حمزہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان میں زخمی وسیم احمد مغل اور فیصل شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری، مزید 4 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی

ترجمان کے مطابق یہ گروہ منگھوپیر، نیو کراچی، گلبرگ اور ملیر میں انتہائی سرگرم تھا اور کاروباری شخصیات و بلڈرز کو دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کرتا تھا۔

زخمی ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے 16 جولائی کو میمن مال ملیر 15 پر فائرنگ کی تھی، جس کے لیے پستول نیو کراچی سے حاصل کیا گیا تھا۔

پہلی فائرنگ میں جانی نقصان نہ ہونے پر ملزمان کو دوبارہ حملے کا ٹاسک ملا تھا، تاہم دوبارہ کارروائی کی کوشش کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کا گھیراؤ کر لیا۔

کیماڑی ٹاؤن میں کی گئی ایک اور الگ کارروائی کے دوران وصی اللہ لاکھو گروپ کا ایک ملزم بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ تمام ملزمان اسٹریٹ کرائم اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔