ملک میں مون سون بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ 29 جولائی سے شروع ہونے کی پیشگوئی

Nothing but rain; Meteorological Department issues an alert
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے اور طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے نئے سلسلے کے باعث اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
ادارے نے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق 29 جولائی سے شروع ہونے والا نیا مون سون سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو زیادہ متاثر کرے گا، جہاں کہیں کہیں شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب اور دریائے راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر جبکہ گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً نشیبی علاقوں، دریا کنارے آبادیوں اور پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











