نادرا نے پاسپورٹ درخواست گزاروں کے لیے ڈیجیٹل شناخت کی نئی سہولت متعارف کرا دی

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب شہری فزیکل شناختی کارڈ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں بھی ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کرا سکیں گے۔
نادرا کے مطابق پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہری اب پاک آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن میں موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے اپنی شناختی معلومات کی تصدیق کروا سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان یا بیرون ملک ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے دفاتر میں پاسپورٹ درخواست جمع کروانے والے افراد ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے شناختی تصدیق کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ
نادرا کے مطابق شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں لاگ اِن کرنے کے بعد درج ذیل مراحل مکمل کر کے اپنا ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں:
- پاک آئی ڈی موبائل ایپ کھولیں اور لاگ اِن کریں۔
- ہوم پیج پر موجود View Digital ID آپشن منتخب کریں۔
- اس کے بعد Digital Card بٹن پر کلک کرنے سے شناختی کارڈ اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ یہ سہولت شہریوں کو شناخت کی تصدیق کے لیے جدید اور آسان ڈیجیٹل طریقہ فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، جس سے سرکاری خدمات کے حصول کا عمل مزید بہتر اور تیز ہو سکے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











