کراچی: کے الیکٹرک نے اپنے لاکھوں صارفین کے لیے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو مزید آسان بنانے کے لیے نیا کیش فری نظام متعارف کرا دیا ہے۔
نئی سہولت کے تحت صارفین اب منتخب کسٹمر کیئر سینٹرز پر نصب پوائنٹ آف سیل (POS) مشینوں کے ذریعے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہوئے اپنے بجلی کے بل فوری طور پر ادا کر سکیں گے۔
کے الیکٹرک کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کا وقت بچانا، ادائیگی کے عمل کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی سہولت کے بعد صارفین کو بل جمع کرانے کے لیے نقد رقم رکھنے یا بینکوں اور دیگر ادائیگی مراکز پر لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ چند منٹوں میں اپنی ادائیگی مکمل کر سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق پی او ایس مشینوں کے ذریعے پے پاک، ماسٹر کارڈ، ویزا کارڈ اور یونین پے سمیت مختلف مقامی اور بین الاقوامی ادائیگی کارڈز استعمال کیے جا سکیں گے۔
کے الیکٹرک انتظامیہ کے مطابق یہ نظام نہ صرف ادائیگی کے عمل کو تیز اور محفوظ بنائے گا بلکہ شفافیت میں بھی اضافہ کرے گا اور صارفین کو جدید بینکاری سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
کمپنی نے کہا کہ ڈیجیٹل سروسز کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا تاکہ صارفین کو بجلی کے بلوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں مزید آسانی دی جا سکے۔
پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر یوٹیلٹی بلوں کی کیش فری ادائیگی سے صارفین کا وقت بچے گا، نقد لین دین میں کمی آئے گی اور مالیاتی نظام کو مزید جدید بنانے میں مدد ملے گی۔