منگل، 28-جولائی،2026
منگل 1448/02/14هـ (28-07-2026م)

چھوٹے دکانداروں کے لیے ایف بی آر کی بڑی سہولت، خصوصی ٹیکس اسکیم متعارف

28 جولائی, 2026 12:08

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مخصوص کاروباری افراد آسان ٹیکس نظام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے انفرادی دکاندار اس خصوصی اسکیم میں شامل ہو سکیں گے۔ یہ طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسکیم اختیار کرنے والے دکانداروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جبکہ ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس کی ادائیگی لازمی قرار دی گئی ہے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس قابلِ ادا ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جا سکے گا، تاہم اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

خصوصی ٹیکس اسکیم کے لیے اہل دکاندار آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ اسکیم اختیار کرنے والے دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔

ایف بی آر کے مطابق غیر معمولی لین دین یا اسکیم کے غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ اہل دکانداروں کو پی او ایس سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مقررہ وقت پر ریٹرن جمع نہ کرانے یا اسکیم کا انتخاب نہ کرنے کی صورت میں 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو کیو آر کوڈ پر مشتمل "گرین پلیٹ” بھی جاری کی جائے گی، جس سے ان کی رجسٹریشن کی تصدیق کی جا سکے گی۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا آغاز 27 جولائی سے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادارے نے تمام ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گوشوارے درست اور مکمل معلومات کے ساتھ جمع کرائیں تاکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔