راولاکوٹ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم ایکشن کمیٹی کا کارندہ اسلحے سمیت گرفتار

راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندے کو گرفتار کر لیا گیا، جس نے فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے پر رقم کی فراہمی کے بارے میں سنسنی خیز انکشافات کیے۔
راولاکوٹ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندے زوہیب خالد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار کارندے کے قبضے سے جدید امریکی ساختہ ایم 4 رائفل برآمد ہوئی ہے۔
منظر عام پر آنے والی ویڈیو اور شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر بھاری ہتھیاروں سے لیس ہیں اور علاقے میں انتشار پھیلانے کی غرض سے عوام کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا تشدد، رینجرز سپاہی شہید، 5 اہلکار زخمی
اس سے قبل ان شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے سپاہی علی عباس کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
گرفتار ملزم زوہیب خالد نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت کی جانب سے بدامنی پھیلانے کے لیے کارندوں کو جدید امریکی ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ملزم کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کی جانب سے رینجرز یا پولیس کے کسی بھی ایک جوان کو مارنے پر ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
ان انکشافات اور ویڈیو شواہد کی سامنے آمد کے بعد کالعدم ایکشن کمیٹی کے غیر مسلح ہونے کے دعوؤں کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











