آئل ریفائننگ پالیسی میں ترامیم منظور، وزیراعظم کی پیٹرولیم ذخائر بڑھانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر (Strategic Reserves) بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی۔
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز توانائی کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز کی بہتری سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کرائے تاکہ توانائی کے شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ آئل ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے ان کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے نئی پالیسی پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے اصلاحاتی عمل مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کے ساتھ ساتھ قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









