بدھ، 29-جولائی،2026
بدھ 1448/02/15هـ (29-07-2026م)

سعودی عرب نے پاکستان کے لیے نئے سفیر کا تقرر کر دیا

29 جولائی, 2026 18:38

ریاض: مملکتِ سعودی عرب نے پاکستان میں اپنے نئے سفیر کے طور پر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی تقرری کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ آئندہ چند روز میں اسلام آباد پہنچ کر اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

تقرری کی منظوری کے بعد ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی شریک تھے۔

ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی ایک تجربہ کار سعودی سفارتکار اور ریٹائرڈ میجر جنرل ہیں۔ وہ ماضی میں مختلف سفارتی اور دفاعی مناصب پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث انہیں بین الاقوامی تعلقات، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔

ان کی تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی، سرمایہ کاری، توانائی اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مسلسل رابطوں اور مشترکہ منصوبوں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئے سعودی سفیر کی تعیناتی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے، جبکہ سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع بھی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پاکستان میں سعودی عرب کے موجودہ سفیر نواف بن سعید المالکی کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔