جمعرات، 30-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/16هـ (30-07-2026م)

آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کا الزام، بلاول بھٹو کا تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ

30 جولائی, 2026 08:45

بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 3 نسلوں سے کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے، کشمیریوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے الیکشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی کے ذریعے نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ چوہدری یاسین کے حلقے میں 30 پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کیا گیا، جہاں غیر قانونی طور پر 90 فیصد ٹرن آؤٹ دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو کا الیکشن کمیشن سے میرپور میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ بھمبر کی نشستوں کے نتائج کا فرق بھی سب کے سامنے ہے اور ان تمام بے ضابطگیوں کے ویڈیو شواہد پیپلزپارٹی کے پاس موجود ہیں۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نئی اسمبلی کا اجلاس بننے سے پہلے پیپلزپارٹی اپنے امیدواروں کو ان کا حق اور سیٹیں واپس دلوائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے بحران کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔ انہوں نے ایک تحقیقاتی کمیشن بنانے کی تجویز دی تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کمیشن وزیراعظم آزاد کشمیر کو قصوروار ٹھہرائے تو پیپلزپارٹی احتساب کے لیے مکمل تیار ہے۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے کیونکہ کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری کریں گے، کوئی اور نہیں۔ پیپلزپارٹی کشمیریوں کو ان کا حق روزگار اور حق ملکیت ہر صورت دلوائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔