جمعرات، 30-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/16هـ (30-07-2026م)

ربیع الاول کے چاند سے متعلق اہم پیشگوئی، عید میلاد النبی ﷺ کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

30 جولائی, 2026 12:28

پاکستان میں ربیع الاول کے چاند کی رویت سے متعلق اہم پیشگوئی سامنے آگئی ہے۔

ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ربیع الاول کا چاند 14 اگست 2026 کو نظر آنے کا امکان ہے۔ اس حساب سے یکم ربیع الاول ہفتہ 15 اگست کو ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق 29 صفر المظفر، جمعرات 13 اگست کی شام پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ فلکیاتی حساب کے مطابق اس روز صفر کے 30 دن مکمل ہونے کی توقع ہے۔

خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ ربیع الاول کا نیا چاند 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 36 منٹ پر پیدا ہوگا۔ 13 اگست کی شام سورج غروب ہونے کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زیادہ ہوگی۔ تاہم صرف چاند کی عمر کو رویت کے لیے کافی نہیں سمجھا جاتا۔

ان کے مطابق چاند کی رویت کے لیے سورج اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان مناسب وقفہ بھی ضروری ہوتا ہے۔ 13 اگست کو کراچی میں سورج اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان تقریباً 32 منٹ جبکہ پشاور میں یہ فرق تقریباً 27 منٹ رہنے کا امکان ہے۔ یہ وقفہ رویت کے لیے بیان کردہ 40 منٹ کی حد سے کم ہے۔ اسی وجہ سے اس شام چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم قرار دیے گئے ہیں۔

ہلال ریسرچ کونسل کی پیشگوئی کے مطابق اگر رویت کا عمل اسی فلکیاتی حساب کے مطابق رہا تو پاکستان میں ربیع الاول کا آغاز 15 اگست بروز ہفتہ سے ہوسکتا ہے۔ اس حساب سے 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ یوں عید میلاد النبی ﷺ بھی 26 اگست کو منائے جانے کی توقع ہے۔

تاہم ربیع الاول کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺ کی تاریخ کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ اسلامی مہینے کا آغاز چاند کی شرعی رویت سے ہوتا ہے۔ اس لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں اور متعلقہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد حتمی اعلان کرے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔