جمعہ، 31-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/17هـ (31-07-2026م)

حج پالیسی 2027 تا 2030 منظور، اخراجات 12 سے 13 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز

31 جولائی, 2026 09:53

وفاقی حکومت نے پہلی مرتبہ چار سالہ حج پالیسی 2027 تا 2030 کی منظوری دے دی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اس پالیسی کے تحت عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، درخواستوں کے عمل کو آسان بنانے اور انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ آئندہ برسوں میں سرکاری حج پیکج کی لاگت 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان رہنے کی توقع ہے، تاہم حتمی رقم سعودی عرب میں اخراجات اور دیگر انتظامی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کی جائے گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی باقاعدہ چار سالہ حج پالیسی ہے۔ اس کے ذریعے ہر سال نئی پالیسی بنانے کی ضرورت کم ہوگی اور حج انتظامات میں تسلسل برقرار رہے گا۔ پورے نظام کو مرحلہ وار ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے تاکہ درخواستوں کی وصولی، رجسٹریشن، کوٹہ کی تقسیم اور نگرانی کا عمل زیادہ شفاف اور تیز ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت پہلی مرتبہ رجسٹریشن اور ویٹنگ لسٹ کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس سے درخواست گزاروں کو واضح طریقہ کار کے تحت موقع ملے گا اور کوٹہ کی تقسیم زیادہ منصفانہ انداز میں ہو سکے گی۔ حج درخواست جمع کروانے کے وقت مجموعی اخراجات کا 10 فیصد بطور ابتدائی ادائیگی جمع کروانا ضروری ہوگا۔ اس اقدام سے صرف سنجیدہ درخواست گزار ہی درخواست دے سکیں گے اور انتظامی مسائل میں بھی کمی آئے گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج انتظامات کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ عازمین کی شکایات کے فوری حل کے لیے خصوصی شکایتی نظام بھی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی مسئلے کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے پورے حج آپریشن کو مزید شفاف اور آسان بنایا جائے گا۔

وزارت کے مطابق حج سے پہلے تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ زائرین مناسک حج، سفری امور اور دیگر ضروری ہدایات سے مکمل آگاہ ہو سکیں۔ اس سے حجاج کرام کو دوران حج بہتر رہنمائی ملے گی اور انہیں کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کوٹہ کی تقسیم کے حوالے سے حکومت نے موجودہ فارمولہ برقرار رکھا ہے۔ سرکاری اور نجی حج اسکیم کا تناسب بدستور 60 اور 40 فیصد رہے گا۔ تاہم نجی حج کمپنیوں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور اضافی کوٹہ صرف انہی کمپنیوں کو دیا جائے گا جو مقررہ معیار پر پورا اتریں گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 برقرار رکھا گیا ہے۔ اسی کوٹہ کے مطابق آئندہ برسوں کے حج انتظامات کیے جائیں گے۔ اس نئی پالیسی سے حج کے پورے نظام میں شفافیت، نظم و ضبط اور سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

آئندہ دس روز کے اندر حج درخواستوں کی وصولی کا عمل موبائل ایپ کے ذریعے شروع کرنے کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے۔ اس سہولت کے بعد شہری گھر بیٹھے رجسٹریشن اور درخواست جمع کروا سکیں گے، جس سے وقت کی بچت ہوگی اور دفاتر کے غیر ضروری چکر بھی ختم ہوں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔