محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

More Rain Forecast in Coming Days
ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں پشاور سمیت مختلف اضلاع میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم کافی خوشگوار ہو گیا۔ صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مختلف علاقوں میں بارش نے موسم بدل دیا ہے۔ بنی گالا، بارہ کہو، چک شہزاد، چٹھہ بختاور، پارک روڈ اور گرد و نواح میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔
کراچی میں موسم مسلسل تبدیل ہو رہا ہے۔ شہر میں کہیں دھوپ اور کہیں بادل چھائے ہوئے ہیں، جبکہ چند علاقوں میں بوندا باندی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں یہ بڑھ کر 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تاہم سمندری ہوائیں چلنے کے باعث موسم نسبتاً بہتر رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کے امکانات موجود ہیں، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











