غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی، تیل کی قیمتوں کے باعث مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری

وزارت خزانہ کی معاشی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق جولائی میں مہنگائی 10 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 33.9 فیصد کمی دیکھی گئی۔
وزارت خزانہ نے ملک کی معاشی صورتحال سے متعلق اپنی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں مہنگائی کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں جولائی 2026 کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی عالمی توانائی کی قیمتوں اور مالیاتی منڈیوں کے لیے بڑا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے بلین ٹری منصوبے میں کروڑوں کے مشکوک اخراجات اور غیر مجاز ادائیگیاں، آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش
رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 33.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ 2.477 ارب ڈالر سے کم ہو کر 1.636 ارب ڈالر رہ گئی ہے، جبکہ جون 2026 میں صرف 13.5 ملین ڈالر سرمایہ کاری آئی۔
اسی مالی سال کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 3.6 ارب ڈالر اور خالص سرمایہ کاری 1.6 ارب ڈالر رہی۔ برآمدات 4.6 فیصد کمی کے ساتھ 30.8 ارب ڈالر رہیں، تاہم ترسیلات زر 8.6 فیصد اضافے کے ساتھ 41.6 ارب ڈالر کی اعلیٰ ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ 17 جولائی تک زرمبادلہ کے ذخائر 22.7 ارب ڈالر رہے، جن میں اسٹیٹ بینک کے پاس 17.3 ارب ڈالر موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں اوسط مہنگائی 7.1 فیصد رہی جبکہ جون 2026 میں یہ شرح 11.1 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
وزارت خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ جولائی تا ستمبر کے دوران معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے، جس سے کپاس، چاول، گنے اور مکئی کی خریف فصلوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب صنعتی شعبے میں جولائی تا مئی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایف بی آر نے 10.8 فیصد اضافے کے ساتھ 13.01 ٹریلین روپے کا ٹیکس جمع کیا۔ اس کے علاوہ جولائی تا مئی کے دوران مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک محدود رہا، جو گزشتہ سال 3.8 فیصد تھا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












