سندھ یوتھ کارڈ کے فوائد، رجسٹریشن اور اہلیت کی تفصیلات سامنے آگئیں

Sindh Youth Card Benefits, Registration, Eligibility Details
سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور مالی معاونت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ یوتھ کارڈ منصوبہ شروع کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کا باقاعدہ افتتاح رواں ماہ کے آخری ہفتے میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ منصوبے کے آغاز کے بعد نوجوانوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں سندھ کے 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا۔ اس مرحلے کے لیے عمر کی حد 15 سے 29 سال مقرر کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ نوجوان اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مالی اور معاشی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپس، بلاسود قرضے اور مختلف مالی معاونت شامل ہے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کو دیگر فلاحی سہولیات تک رسائی دینے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
وزیر کھیل و امور نوجوانان کا کہنا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے ذریعے مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے سندھ یوتھ کارڈ کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے جس سے نوجوان اپنی تعلیم جاری رکھنے اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قابل ہوسکیں۔
سندھ یوتھ کارڈ کیلئے رجسٹریشن کیسے ہوگی؟
حکام کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کے لیے رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر آن لائن رکھا جائے گا۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور درخواست کا عمل آسان بنانا ہے۔ حکومت کی جانب سے رجسٹریشن کے حوالے سے مزید تفصیلات پروگرام کے آغاز کے قریب جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
کون سے نوجوان اہل ہوں گے؟
حکومت سندھ کے مطابق پروگرام میں شامل ہونے کے لیے امیدوار کی عمر 15 سے 29 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزار کے پاس سندھ کا ڈومیسائل بھی لازمی ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں صرف سندھ کے ڈومیسائل رکھنے والے نوجوان ہی اس سہولت کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
صوبائی وزیر کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کا مقصد ان نوجوانوں تک بھی حکومتی سہولیات پہنچانا ہے جو ماضی میں مختلف پروگراموں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











