منگل، 4-اگست،2026
منگل 1448/02/21هـ (04-08-2026م)

کراچی: میر رضا کیس میں اہم پیش رفت، موبائل فارنزک رپورٹ اور ڈیٹا ریکارڈ تفتیشی حکام کو موصول

04 اگست, 2026 15:28

کراچی: میر رضا علی خان کی موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تفتیشی حکام نے ان کے موبائل فون کا ڈیٹا ریکارڈ اور فارنزک رپورٹ حاصل کر لی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق 28 جولائی کی رات میر رضا نے اپنے ایک دوست کو پیغام بھیجا، جس میں انہوں نے 3 کروڑ روپے ادھار مانگتے ہوئے کہا کہ وہ شدید مشکل میں ہیں اور انہیں فوری رقم کی ضرورت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا کے مطابق میر رضا کی منگیتر نے رات 3 بج کر 10 منٹ سے 3 بج کر 50 منٹ تک مسلسل پیغامات بھیجے، تاہم میر رضا نے کسی بھی پیغام کا جواب نہیں دیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق موبائل ڈیٹا ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ میر رضا مختلف افراد کے قرض دار تھے، جس کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ میر رضا کی مکمل میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی، جبکہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں موت کی وجہ گولی لگنا قرار دی گئی ہے۔ تاہم اہل خانہ کا مؤقف ہے کہ میر رضا کے جسم پر تشدد اور جلنے کے نشانات بھی موجود تھے۔

تفتیشی حکام کے مطابق اگر اہل خانہ دوبارہ میڈیکل معائنے کا مطالبہ کرتے ہیں تو قانون کے مطابق اس پر بھی غور کیا جائے گا۔

تحقیقات کے دوران آن لائن ٹیکسی ڈرائیور، لاش کی ابتدائی اطلاع دینے والے شخص سمیت اب تک 15 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ تفتیشی ٹیم میر رضا علی کی موت خودکشی تھی یا قتل، اس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔