پاکستان میں آج یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور یکجہتی کے ساتھ منایا جارہا ہے

بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کی خاص حیثیت ختم کرنے کے خلاف پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کرنے اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے آج پاکستان اور آزاد کشمیر میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے۔
مقبوضہ وادی کے مظلوم عوام سے یکجہتی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 9 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیر کے پرچم لہرائے گئے اور پینا فلیکس کے ذریعے بھارتی چہرے کو بے نقاب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے سادہ اکثریت حاصل کر لی، رانا ثناءاللہ
اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ سے ڈی چوک تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں وفاقی وزرا، حریت رہنماؤں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیریوں کی بے مثال استقامت کو سلام پیش کیا۔
اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغامات میں کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات نہ تو کشمیر کی متنازع حیثیت بدل سکتے ہیں اور نہ کشمیریوں کی جدوجہد کو دبا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔
پاکستان کی مسلح افواج، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ پیغام میں کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے واضح کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں اور جارحانہ بیانات خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت ملنے تک پاکستان ان کا ساتھ دیتا رہے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










