ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

شہادت ہماری خواہش، مگر دشمن کو شکست دینا اولین ترجیح ہے؛ ایرانی آرمی چیف

29 اگست, 2026 15:29

ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ شہادت ایرانی مسلح افواج کی دلی خواہش اور باعثِ اعزاز ہے، تاہم اولین ترجیح دشمن کے مقابلے میں ثابت قدم رہتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا ہے۔

میجر جنرل امیر حاتمی نے یہ بات صوبہ گیلان میں شہید ہونے والے ایرانی فوج کے 3 ہزار 785 اہلکاروں کی یاد میں منعقدہ کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ شہادت ایک بڑا اعزاز ہے اور ایرانی مسلح افواج اس کی خواہش رکھتی ہیں، تاہم اس سے پہلے دشمن کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے فتح حاصل کرنا ترجیح ہے۔

ایرانی آرمی چیف کے مطابق حالیہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے دوران دشمن نے ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم ایرانی مسلح افواج نے حملوں کے باوجود آخری لمحات تک بھرپور انداز میں میزائل اور ڈرون کارروائیاں جاری رکھیں۔

میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایرانی افواج نے فضائی دفاع سمیت مختلف محاذوں پر بھی مضبوط مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق اس دوران دشمن کے متعدد بغیر پائلٹ اور پائلٹ والے طیاروں کے علاوہ اہم عسکری سازوسامان کو بھی نقصان پہنچا۔

انہوں نے ایران کی مسلح افواج کی صورتحال سے متعلق دشمن کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے زمینی حقائق کی عکاسی نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن خود جانتا ہے کہ ایرانی مسلح افواج اپنی صلاحیت، جدت، تخلیقی سوچ اور حوصلے کے ساتھ پہلے بھی اس کے سامنے کھڑی رہی ہیں اور آئندہ بھی مضبوطی سے مقابلہ جاری رکھیں گی۔

ایرانی آرمی چیف نے حالیہ جنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایران کو قیمتی جانوں کے نقصان کے ساتھ بعض تنصیبات اور فوجی سازوسامان کو بھی نقصان اٹھانا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان نقصانات کے باوجود ایرانی مسلح افواج اور عوام نے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

میجر جنرل امیر حاتمی نے قومی اتحاد اور یکجہتی کو ایرانی معاشرے کی اہم طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کی قیادت میں متحد رہے ہیں اور قومی یکجہتی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کا اتحاد اور مسلح افواج کا عزم ایران کی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔