وزیراعظم شہباز شریف کا بشکیک میں آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ، چنگیز ایتماتوف کی قبر پر حاضری

بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں تاریخی آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا اور معروف کرغز ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر حاضری دی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق آتا بیئت میموریل کمپلیکس پہنچنے پر کرغزستان کے فرسٹ نائب وزیراعظم دانیار امان گیلدیئیئف اور وزیر ثقافت، اطلاعات و نوجوانوں میر بیک مامبیتالیئیف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معروف کرغز اور سوویت ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس میں قائم یادگار پر بھی پھولوں کی چادر چڑھائی اور وہاں مدفون اہم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آتا بیئت کرغزستان کا ایک اہم قومی اور تاریخی مقام ہے جہاں ملک کی متعدد معروف شخصیات مدفون ہیں۔ یہ مقام کرغز عوام کے لیے تاریخی اور قومی اہمیت رکھتا ہے۔
آتا بیئت کے نام کا مطلب ’’ہمارے آباؤ اجداد کی قبر‘‘ ہے۔ یہ یادگاری کمپلیکس کرغزستان کی تاریخ، ثقافت اور قومی ورثے کی نمائندگی کرنے والے اہم مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
وزیراعظم کا آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ کرغزستان کی تاریخ اور ثقافتی ورثے کے احترام کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ چنگیز ایتماتوف کی قبر پر حاضری کے ذریعے وزیراعظم نے خطے کے معروف ادبی ورثے کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










