وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی بچوں کے لیے ڈیجیٹل کلاس رومز کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں خصوصی بچوں کے لیے 49 جدید ڈیجیٹل کلاس رومز، 20 سیٹلائٹ اسکولز اور سائن لینگویج ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خصوصی بچوں کے لیے جامع تعلیم، بااختیاری اور مساوی مواقع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سندھ بھر میں 49 جدید ڈیجیٹل کلاس رومز کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ 20 سیٹلائٹ اسکولز اور سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا بھی افتتاح کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 37 اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹرز میں 49 ڈیجیٹل کلاس رومز قائم کیے گئے ہیں اور سندھ بھر میں 20 سیٹلائٹ اسکولز کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت نے گندم کے کاشت کاروں کی سبسڈی میں اضافہ کردیا
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہر بچے کو اس کی صلاحیت اور جغرافیائی محل وقوع سے قطع نظر معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا ہدف ہے۔ جدید ٹیکنالوجی خصوصی بچوں کے تعلیمی تجربے کو مزید بہتر بنائے گی۔ ڈیجیٹل کلاس رومز میں اسمارٹ بورڈز، ای لرننگ ٹولز اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ یہ بچے جدید ڈیجیٹل دنیا میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے یہ تقریب سی ایم ہاؤس کے بجائے خصوصی بچوں کے درمیان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ تقریب ان بچوں کے درمیان منانا زیادہ بامعنی ہوگا، جو ان اقدامات کے اصل مستفید ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل تعلیمی اقدامات کے ساتھ سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جو ڈیف ریچ اور ایف ای ایس ایف کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے اور اس سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









