پیر، 21-ستمبر،2026
پیر 1448/04/10هـ (21-09-2026م)

سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا کے علاقوں کوہاٹ، ہنگو اور تھل میں آپریشن، 37 خوارجی ہلاک

21 ستمبر, 2026 14:59

خیبر پختونخوا میں شہریوں پر ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے ردعمل میں سیکیورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور تھل میں موثر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 37 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

وفاقی وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان کے اندر خیبر پختونخوا کے شہریوں کے خلاف پیش آنے والے حالیہ متعدد دہشت گردی کے واقعات کے بعد، سیکیورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور تھل کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک منظم زمینی آپریشن کیا۔ اس کارروائی کے ساتھ ساتھ ان دہشت گرد تنظیموں کی پناہ گاہوں پر فضائی حملے بھی کیے گئے، جو ان حملوں کی ذمے دار تھیں۔

20 ستمبر 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے کوہاٹ اور ہنگو کے اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 خوارج ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

اس کے علاوہ افغان سرحد کے قریب واقع سرحدی علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاک افغان بارڈر کے قریب 3 اہم اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا گیا، جن میں خودکش بمباروں کا ایک تربیتی مرکز بھی شامل تھا۔

اس فضائی کارروائی میں 28 دہشت گرد اور متعدد خودکش بمبار مارے گئے، جبکہ ان مراکز میں رکھا ہوا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔

وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن اور استحکام کے قیام کی کوشش کی ہے، لیکن شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ افغانستان اب بھی دہشت گردی کا گڑھ بنا ہوا ہے اور پاکستان کو زیادہ تر خطرات وہیں سے لاحق ہیں۔

وزارت نے مزید کہا کہ ان حالات میں یہ کارروائیاں نہایت درستگی کے ساتھ دہشت گردوں کے مراکز کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئیں۔ آپریشن عزم استحکام کے تحت غضب للحق کے نام سے جاری یہ انسداد دہشت گردی کی مہم اس وقت تک پوری طاقت سے جاری رہے گی، جب تک ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔