پیر، 21-ستمبر،2026
پیر 1448/04/10هـ (21-09-2026م)

اسلام آباد ایکسپریس وے پر 377 غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سی ڈی اے کا بڑا آپریشن

21 ستمبر, 2026 19:31

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ کے ساتھ تجاوزات اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف جامع کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق یہ آپریشن اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک رکھنے، منصوبہ بند ترقی کو یقینی بنانے اور بلڈنگ و لینڈ یوز قوانین پر عملدرآمد کے لیے جاری پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے۔

بلڈنگ کنٹرول سیکشن (BCS) نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سیلنگ، ریگولرائزیشن اور انہدام کی کارروائی شروع کی ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ کے متعین حصے میں مجموعی طور پر 377 تعمیرات کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے، جن میں 281 کمرشل تعمیرات شامل ہیں۔

سی ڈی اے کے مطابق لینڈ کنورژن چارجز، غیر مجاز تعمیرات اور سیٹ بیک، FAR اور کورڈ ایریا کی خلاف ورزیوں کی مد میں تقریباً 3 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

گزشتہ انفورسمنٹ مہم کے دوران تقریباً 72 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جبکہ موجودہ آپریشن کے دوران اب تک تقریباً 10 کروڑ روپے کی وصولی ہو چکی ہے۔

سی ڈی اے نے بتایا کہ متعلقہ بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز کے تحت اب تک 140 سے زائد خلاف ورزی کرنے والی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔ آپریشن سوان دیہاتی سے اقبال ٹاؤن، کھنہ پل اور کورال برج سے ہوتے ہوئے کورال اور گلبرگ گرینز تک جاری ہے۔

سوان سے کھنہ پل تک 124 تعمیرات کی نشاندہی، مارکنگ اور انہدام کے لیے حد بندی مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ ان کے خلاف انہدام کی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ سیل کیے گئے احاطے اس وقت تک سیل رہیں گے جب تک نشاندہی کی گئی خلاف ورزیوں کا ازالہ اور ضروری قانونی و ریگولرائزیشن کے مراحل مکمل نہیں کرلیے جاتے، بشرطیکہ مجاز اتھارٹی سے منظوری حاصل ہو۔

سی ڈی اے کے مطابق کسی بھی سیل شدہ احاطے میں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام اور بلڈنگ و لینڈ یوز قوانین پر عملدرآمد کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ اسلام آباد کو منظم، تجاوزات سے پاک اور منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق شہر بنایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔