منگل، 22-ستمبر،2026
منگل 1448/04/11هـ (22-09-2026م)

سینیٹ کی داخلہ کمیٹی میں گیارہ سو بیس ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف

22 ستمبر, 2026 15:21

سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں سگریٹ اور فاٹا کے علاقوں میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری کے سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔

سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے نے سگریٹ چوری کے درج مقدمے پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مقدمے کی تحقیقات ایک ماہ کے اندر مکمل کر لی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ انہیں کام کے دوران زیادہ تر مسائل فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے درپیش آتے ہیں۔

کمیٹی کے چیئرمین نے ہدایت کی کہ اس بات کا بغور جائزہ لیا جائے کہ آیا یہ چوری فیڈریشن اور فیکٹری مالکان کے گٹھ جوڑ سے ہوئی ہے یا نہیں، کیونکہ فیکٹری والے بھی اکثر چوکیدار کا نام دے کر بچ نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لانگ مارچ کے لیے فنڈنگ کہاں سے آ رہی ہے؟ تحریک انصاف اندرونی تنازعات کا شکار

انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ متعلقہ کمپنیوں کے ٹیکس ریٹرنز چیک کیے جائیں اور اگر ایف آئی اے نے شفاف تحقیقات نہ کیں تو معاملہ نیب کے حوالے کر دیا جائے گا۔

سینیٹر طلحہ محمود نے بھی اس بات کی تائید کی کہ یہ چوری کا پورا معاملہ ایف آئی اے کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں ایک ہزار 120 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

ایف آئی اے حکام نے انکشاف کیا کہ اربوں روپے کا سامان منگوانے والی 27 کمپنیوں کے تو کاغذی دفاتر بھی وجود نہیں رکھتے۔ ایف آئی اے نے 20 اگست سے انکوائری شروع کر کے 512 نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں سے 31 کمپنیوں نے تفصیلات فراہم کی ہیں جبکہ 17 مالکان خود پیش ہوئے، تاہم 27 نوٹس اس ریمارکس کے ساتھ واپس آ گئے کہ ایسی کوئی کمپنیاں موجود ہی نہیں ہیں۔

اس دوران 17 کمپنیوں کے مالکان ایف آئی اے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ چلے گئے۔ سینیٹر شہادت علی اعوان کا مؤقف تھا کہ سیلز ٹیکس کے معاملات میں ایف بی آر کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ کمیٹی کے چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ فیکٹری مالکان اور ایف بی آر کے گٹھ جوڑ کے ذریعے یہ تمام ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔