منگل، 22-ستمبر،2026
منگل 1448/04/11هـ (22-09-2026م)

جماعت اسلامی کا وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ چند روز کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان

22 ستمبر, 2026 15:38

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت کا ریلیف پیکج ناکافی ہے، تاہم وزیراعظم کی التجا پر احتجاجی تحریک اور لانگ مارچ کو چند روز کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1577 ارب روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے عوام کو صرف 25 سے 30 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے، جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لیوی کا پیٹرول کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور حکومت عالمی مالیاتی ادارے کے دباؤ کا بہانہ بنا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے انہیں فون کر کے احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر انہوں نے وزیراعظم کو دوٹوک الفاظ میں بتایا کہ یہ ریلیف ناکافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کا حافظ نعیم کو فون، لانگ مارچ کو چند دن مؤخر کرنے کی درخواست

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وطن واپسی پر مزید ریلیف دیا جائے گا، اس لیے وزیر اعظم کی اس التجا اور درخواست کا احترام کرتے ہوئے ہم نے اپنے لانگ مارچ کو چند روز کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اکتوبر کے پہلے ہفتے تک بھی لانگ مارچ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر حکومت نے ہمارے کسی بھی احتجاجی کیمپ کو ختم کرنے کی کوشش کی تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بائیک چلانے والے عام افراد کو بنیادی حقوق حاصل نہیں ہیں اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں کیونکہ اسی وجہ سے ملک میں بحران پیدا ہوا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے اور حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ اس حق کو روکے، اس لیے اگر عوام کو ریلیف نہ ملا تو وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔