گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت سے متعلق بڑی خبر آگئی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم ریٹیل قیمت مقرر کردی ہے۔
آئندہ مینوفیکچررز سے ٹیکس کی وصولی مقررہ کم از کم قیمت کی بنیاد پر کی جائے گی۔ ایف بی آر نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت مقامی طور پر تیار ہونے والے تیل، گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم قیمت مقرر کی گئی ہے۔ اس قیمت کا تعین ایک مخصوص طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق کم از کم قیمت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے جاری ہفتہ وار حساس قیمت اشاریے کی بنیاد پر طے ہوگی۔ اس کے لیے گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی اوسط قومی ریٹیل قیمت کو دیکھا جائے گا۔
اس اوسط قیمت میں سے 25 روپے فی کلو کم کرکے کم از کم قیمت مقرر کی جائے گی۔ تاہم 25 روپے کی یہ رعایت ہر مینوفیکچرر کو نہیں ملے گی۔ یہ سہولت صرف ان رجسٹرڈ افراد کے لیے ہوگی جو ایف بی آر کے ڈیجیٹل انوائسنگ اور پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں۔
گھی اور کوکنگ آئل کے برانڈز کی تین کیٹیگریز
نوٹیفکیشن میں گھی اور کوکنگ آئل کے برانڈز کو تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کیٹیگری اے میں ڈالڈا، حبیب، صوفی، میزان، سویا سپریم اور ایوا شامل ہیں۔ ان برانڈز کی کم از کم قیمت اوسط قومی ریٹیل قیمت کے 100 فیصد کے برابر ہوگی۔
کیٹیگری بی میں من پسند، حبیب ہانڈی، سیزنز، کشمیر، کوثر، شاہ تاج، کسان، شفق اور سلطان شامل ہیں۔ ان برانڈز کی کم از کم قیمت اوسط قومی ریٹیل قیمت کے 93 فیصد کے برابر مقرر کی جائے گی۔
کیٹیگری سی میں دیگر تمام برانڈز شامل ہوں گے۔ ان کی کم از کم قیمت اوسط قومی ریٹیل قیمت کے 85 فیصد کے برابر ہوگی۔
ستمبر کیلئے نئی کم از کم قیمتیں مقرر
ایف بی آر کے مطابق اگست 2026 کے لیے پی بی ایس پورٹل پر 26 جولائی 2026 کو شائع ہونے والی قیمتوں کی بنیاد پر اوسط قومی ریٹیل قیمت 613 روپے فی لیٹر یا کلو تھی۔
اس قیمت میں سے 25 روپے کم کرنے کے بعد کم از کم ریٹیل قیمت 588 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔ ستمبر 2026 کے لیے اسی بنیاد پر مختلف کیٹیگریز کی کم از کم قیمتیں طے کی گئی ہیں۔
کیٹیگری اے کے برانڈز کے لیے کم از کم قیمت 588 روپے فی لیٹر یا کلو مقرر کی گئی ہے۔ کیٹیگری بی کے لیے یہ قیمت 547 روپے جبکہ کیٹیگری سی کے لیے 500 روپے فی لیٹر یا کلو ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق آئندہ مہینوں میں بھی کم از کم ریٹیل قیمت کا تعین اسی طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔ اس طرح قیمتوں کے تعین کے لیے پی بی ایس کے تازہ اعداد و شمار کو بنیاد بنایا جائے گا۔
ایف بی آر کا جاری کردہ نوٹیفکیشن نومبر 2026 کے ٹیکس پیریڈ تک نافذ العمل رہے گا۔ اس دوران گھی اور کوکنگ آئل کے مینوفیکچررز سے مقررہ کم از کم قیمت کے مطابق ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












