جمعہ، 25-ستمبر،2026
جمعہ 1448/04/14هـ (25-09-2026م)

بالی ووڈ اداکار مشتاق خان 56 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

25 ستمبر, 2026 08:05

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف معاون اداکار مشتاق خان 56 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ ’ویلکم‘، ’غدر: ایک پریم کتھا‘، ’غدر 2‘ اور ’استری 2‘ سمیت متعدد مقبول فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانے جاتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مشتاق خان گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طبیعت بگڑنے پر انہیں ممبئی کے ناناوتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا تھا۔ ان کا انتقال جمعرات کی شام ہوا۔

مشتاق خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی میں کیا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک ہندی فلموں اور ٹیلی ویژن پر مختلف کردار ادا کیے۔

وہ ’ہم ہیں راہی پیار کے‘، ’عاشقی‘، ’مجھ سے شادی کرو گی‘ اور ’ویلکم‘ جیسی کامیاب فلموں کا حصہ رہے، جبکہ ’غدر: ایک پریم کتھا‘ اور ’غدر 2‘ میں بھی نظر آئے۔

حالیہ برسوں میں مشتاق خان نے ’استری 2‘ سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کی۔ ان کے مختلف النوع معاون کرداروں میں مزاحیہ، سنجیدہ اور جذباتی انداز نمایاں رہا۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔