فیلڈ مارشل اور سعودی وزیر دفاع کی ملاقات، سعودیہ پر حملوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ دفاعی کوششیں جاری رکھنے کا عزم

مکہ مکرمہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت ہونے والے چیف آف اسٹاف اجلاس کے نتائج اور سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی اور ملاقات سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔
شہزادہ خالد بن سلمان کے مطابق ملاقات کے دوران مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ میں شامل ممالک کے سربراہانِ افواج کے اجلاس کے نتائج کا خیرمقدم کیا گیا۔
ملاقات میں مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کی شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق فریقین نے ان حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مکہ معاہدے کے تحت مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ سکیورٹی اقدامات کے سلسلے میں رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے رکن ممالک کے سربراہانِ افواج نے بھی ریاض میں اجلاس کے دوران سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات کا جائزہ لیا۔
مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ رابطہ کاری کا نظام قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر مشاورت اور مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی جارہی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات میں ہونے والی گفتگو کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی رابطوں کے تسلسل کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










