ترقی پذیر ممالک کیلئے ٹھوس نتائج، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کی مکمل حمایت کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے مضبوط کثیرالجہتی تعاون کی ضرورت ہے، پاکستان عالمی ترقیاتی اقدام (جی ڈی آئی) کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی ترقیاتی اقدام کا سنگِ میل پیش کیا، جسے آج دنیا میں ترقی اور تعاون کے تناظر میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے فیصلے اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والے مسلسل چیلنجز نے ترقی پذیر ممالک کے مسائل میں مزید اضافہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خوراک اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھی عالمی مشکلات میں اضافہ کیا، جس کے باعث ترقی پذیر ممالک کے لیے معاشی اور سماجی چیلنجز مزید پیچیدہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز کا مقابلہ کسی ایک ملک کے لیے ممکن نہیں، اس مقصد کے لیے مضبوط کثیرالجہتی تعاون اور عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین اور اس کے عالمی ترقیاتی اقدام نے اس حوالے سے بروقت پیش رفت کی، جبکہ جی ڈی آئی کا فریم ورک ترقی پذیر دنیا میں ٹھوس اور عملی فوائد میں تبدیل ہوچکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کی توثیق کرتا ہے اور اسے ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ ترقی کے لیے اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جی ڈی آئی عالمی جنوب کے ممالک کے باہمی تعاون اور ترقی پذیر دنیا کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے، جس کے ذریعے مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول کی کوششوں کو مزید آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان جاری تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ذریعے بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہا ہے، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان ترقیاتی اور اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی ترقیاتی اقدام اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے پر پیش رفت تیز کرنے کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان جی ڈی آئی کے تحت اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے 80 اقدامات اور ادارے کے ترقیاتی ستون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے چین اور گروپ آف فرینڈز کے ساتھ مسلسل قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو مل کر انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کے وژن کو آگے بڑھانا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترقی کا عمل اسی وقت مؤثر ہوسکتا ہے جب عالمی برادری مشترکہ چیلنجز کا اجتماعی طور پر مقابلہ کرے اور ترقی پذیر ممالک کو آگے بڑھنے کے لیے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










