سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد کی خبریں، شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی کے پیغام کی تصدیق کردی

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات؟ شیر افضل کا اہم بیان سامنے آ گیا
پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق اندرونی اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے اہم تفصیلات بیان کردی ہیں۔
شیر افضل مروت نے اے آر وائی نیوز کی جانب سے سہیل آفریدی کی حکومت کو درپیش ممکنہ عدم اعتماد کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بھی وزیراعلیٰ کے حوالے سے پیغام دیا گیا تھا۔
ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے پیغام پہنچایا کہ اسلام آباد مارچ کی قیادت شاید سہیل آفریدی کی صلاحیت سے زیادہ ہے، اس لیے انہیں وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے الگ ہوجانا چاہیے۔
شیر افضل مروت نے بتایا کہ سہیل آفریدی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے پیغامات کی بشریٰ بی بی کے خاندان اور نورین نیازی کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نورین نیازی سے سہیل آفریدی کے معاملے پر مزید بات چیت بھی کی۔ شیر افضل مروت کے مطابق اس موقع پر بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق اس گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، سلمان اکرم اور دو دیگر افراد پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
سہیل آفریدی کی حکومت کے حوالے سے پارٹی کے اندر اختلافات اور ممکنہ عدم اعتماد کی باتیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب وزیراعلیٰ کی سیاسی پوزیشن سے متعلق مختلف بیانات زیرِ بحث ہیں۔ تاہم سہیل آفریدی اس سے قبل اپنے خلاف ممکنہ برطرفی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کرسکتے ہیں۔
شیر افضل مروت کے بیان کے بعد معاملہ مزید اہم ہوگیا ہے کیونکہ اس میں وزیراعلیٰ کے منصب، اسلام آباد مارچ اور پارٹی کی اندرونی مشاورت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے مبینہ پیغام کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











