پیر، 28-ستمبر،2026
پیر 1448/04/17هـ (28-09-2026م)

پنجاب میں گاڑیوں کے اسمارٹ کارڈز کی بروقت فراہمی کیلئے اہم فیصلہ، ڈلیوری سسٹم ڈی سینٹرلائز کرنے کا حکم

28 ستمبر, 2026 11:32

لاہور: پنجاب میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے رجسٹریشن اسمارٹ کارڈز کی بروقت فراہمی میں شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈلیوری کا موجودہ نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ نے اسمارٹ کارڈز کی سو فیصد ڈلیوری یقینی بنانے کے لیے رجسٹریشن کارڈز کی بکنگ اور ڈلیوری کا نظام ڈی سینٹرلائز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب کی جانب سے پوسٹ آفس کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے، جس میں موجودہ ڈلیوری نظام کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات اور نئے طریقہ کار سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔

مراسلے کے مطابق محکمہ ایکسائز ہر ماہ تقریباً 2 لاکھ سے ڈھائی لاکھ رجسٹریشن اسمارٹ کارڈز ڈلیوری کے لیے پوسٹ آفس کو فراہم کرتا ہے۔ تاہم تمام کارڈز کی بروقت ڈلیوری نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایکسائز حکام کے مطابق رجسٹریشن کارڈز کی ڈلیوری میں تاخیر کی ایک اہم وجہ کارڈ مینوفیکچرنگ یونٹ سے کارڈز کی ریجن کے حساب سے بکنگ کے بجائے مرکزی سطح پر بکنگ کا موجودہ نظام ہے۔

نئے نظام کے تحت رجسٹریشن کارڈز کی بکنگ کو مختلف ریجنز اور اضلاع کی سطح پر منتقل کیا جائے گا تاکہ کارڈز کو متعلقہ علاقوں تک پہنچانے کے عمل میں آسانی پیدا ہوسکے۔

نئے طریقہ کار کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز پنجاب لاہور صرف لاہور ریجن سے متعلق رجسٹریشن کارڈز کی بکنگ کرے گا، جبکہ پنجاب کے دیگر ریجنز اور اضلاع کے کارڈز کی بکنگ متعلقہ فیلڈ دفاتر کے ذریعے کی جائے گی۔

اس تبدیلی کا مقصد کارڈز کی بکنگ اور ڈلیوری کے درمیان موجود مرکزی رکاوٹ کو کم کرنا اور مختلف علاقوں کے رجسٹریشن کارڈز کو متعلقہ فیلڈ دفاتر کے ذریعے زیادہ منظم انداز میں روانہ کرنا ہے۔

مراسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ فیلڈ لیول بکنگ سسٹم پر منتقلی کا عمل یکم اکتوبر سے قبل مکمل کرلیا جائے تاکہ نئے نظام کو مقررہ تاریخ سے باقاعدہ فعال کیا جاسکے۔

ایکسائز حکام نے یکم اکتوبر کے بعد کسی بھی قسم کے تعطل، غیر ضروری تاخیر یا ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

محکمہ ایکسائز پنجاب پہلے ہی گاڑیوں کے لیے ای رجسٹریشن کارڈ سمیت مختلف ڈیجیٹل سہولیات متعارف کراچکا ہے، جبکہ اس کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کارڈ اور فائل کی واپسی کی شپمنٹ ٹریک کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

نئے ڈی سینٹرلائزڈ نظام پر عمل درآمد کے بعد توقع ہے کہ رجسٹریشن اسمارٹ کارڈز کی بکنگ اور متعلقہ علاقوں تک ترسیل کے عمل میں موجود تاخیر کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور شہریوں کو اپنے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے کارڈز بروقت حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔