میر رضا کیس: جوڈیشل کمیشن کی مدت ختم، کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی

کراچی: میر رضا علی قتل کیس کی غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد کارروائی دو اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔
جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن نے حالیہ کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ کمیشن کی موجودہ مدت ختم ہوچکی ہے جبکہ تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق کمیشن نے اپنی مدت میں 15 اکتوبر تک توسیع کے لیے سندھ حکومت کو درخواست ارسال کی تھی۔ حکومت سندھ کے فوکل پرسن نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ مدت میں توسیع سے متعلق سمری وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے منظور کی جاچکی ہے۔
حکم نامے میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سمری سندھ کابینہ کو حتمی فیصلے کے لیے ارسال کردی ہے۔ سندھ کابینہ کا اجلاس یکم اکتوبر کو متوقع ہے، جس میں کمیشن کی مدت میں توسیع کے معاملے پر فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
کمیشن نے موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کارروائی دو اکتوبر تک ملتوی کردی ہے تاکہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے بعد تحقیقات کے آئندہ مرحلے کا تعین کیا جاسکے۔
تحریری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر سندھ کابینہ کی جانب سے کمیشن کی مدت میں توسیع کی منظوری نہ دی گئی تو مزید گواہان کو طلب نہیں کیا جائے گا۔
ایسی صورت میں کمیشن اب تک ریکارڈ کیے گئے بیانات اور دستیاب مواد کی بنیاد پر اپنی رپورٹ مرتب کرکے جلد جمع کرائے گا۔
دوسری جانب اگر سندھ کابینہ کمیشن کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دیتی ہے تو تحقیقات کا عمل دوبارہ آگے بڑھایا جائے گا۔ اس صورت میں مزید گواہان کو نئے نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔
کمیشن کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مدت میں توسیع کی صورت میں تین سینیئر پولیس افسران کو سوالنامے ارسال کیے جائیں گے تاکہ کیس کی تحقیقات سے متعلق ان کا مؤقف اور متعلقہ معلومات تحریری طور پر حاصل کی جاسکیں۔
میر رضا علی کیس کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں ایک رکنی جوڈیشل کمیشن قائم کیا تھا، جسے واقعے کے حالات، تحقیقات کے مختلف پہلوؤں اور متعلقہ شواہد کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
کمیشن نے اپنی کارروائی کے دوران مختلف متعلقہ افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے اور کیس سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لیا۔ اب کمیشن کی مزید کارروائی کا انحصار سندھ کابینہ کے فیصلے پر ہوگا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








