پیر، 28-ستمبر،2026
پیر 1448/04/17هـ (28-09-2026م)

پی ٹی آئی دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہی ہے، انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہے یا افغانستان کے ساتھ، وفاقی وزراء

28 ستمبر, 2026 15:17

وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں اور پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے خیبر پختونخوا کی حکومت اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تنقید کی ہے۔

طلال چوہدری نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں امن میلہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں معصوم بچے، خواتین اور مرد شہید ہوئے ہیں اور ان دہشت گردی کے تمام واقعات کے تانے بانے افغانستان سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی جہاد نہیں بلکہ ڈالر لے کر دہشت گردی پھیلائی جا رہی ہے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ کو اتنی فرصت بھی نہیں ملی کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کرتے اور افغان دہشت گردی کے خلاف کھل کر بات کرتے۔ طلال چوہدری نے مزید کہا کہ خوف پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا جا رہا ہے، جہاں دہشت گرد جعلی اکاؤنٹس چلا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں صرف وزرائے اعلیٰ بدلے، عوام کی قسمت نہیں، امیر مقام

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے ایک سال سے یہ بات کہہ رہے ہیں کہ تحریک انصاف کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی بی ٹیم ہے، جو مسلسل دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کوئی عملی اقدام نہیں کرنا چاہتی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نالائق اور نااہل حکومت ہے، جن کی نیت اور طبیعت دونوں ٹھیک نہیں ہیں اور صوبائی حکومت گزشتہ 12 سالوں میں گاڑیوں کی رجسٹریشن تک کا نظام بہتر نہیں بنا سکی، جس کی وجہ سے بغیر رجسٹریشن والی گاڑیوں کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھاڑ میں جائے ایسی سیاست، پہلے اپنے صوبے کی حالت تو دیکھیں، جہاں پولیس کو تنہا چھوڑ دیا گیا ہے اور لاشیں گر رہی ہیں لیکن حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی مذمت نہ کرنا سراسر بزدلی ہے اور کے پی حکومت کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہے یا افغانستان کے ساتھ، کیونکہ کوہاٹ میں جب افغانستان سے ڈرونز آئے تو صوبائی حکومت کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔