پی ٹی آئی لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کا استعمال، مسلح عناصر، عدالتی فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا گیا

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے پی ٹی آئی لانگ مارچ کی قیادت کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچنے کے معاملے پر سرکاری وسائل کے سیاسی استعمال سے متعلق سوالات اٹھ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 4 اکتوبر کو لکی مروت کے گنڈی چوک سے اسلام آباد کی جانب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز کیا۔ ڈان کے مطابق وزیراعلیٰ لانگ مارچ کی قیادت کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 18 ستمبر کو جاری کیے گئے تفصیلی فیصلے میں سیاسی مارچ یا احتجاج کے لیے صوبائی حکومتوں اور وزرائے اعلیٰ کی جانب سے سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق ہدایات شامل تھیں۔ عدالت نے سیاسی احتجاج کے لیے سرکاری فنڈز، گاڑیوں، ہیلی کاپٹرز، سرکاری اہلکاروں اور مشینری کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی تھی۔
عدالتی فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ پُرامن احتجاج آئینی حق ہے، تاہم احتجاج میں اسلحہ لانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
دوسری جانب انٹیلی جنس ذرائع کی جانب سے لانگ مارچ میں مبینہ طور پر مسلح افراد کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر سامنے آنے والی بعض تصاویر میں مارچ کے شرکا کے درمیان اسالٹ رائفلز سے مسلح افراد دکھائی دے رہے ہیں۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق تصاویر میں ہتھیار کے ساتھ نظر آنے والے ایک شخص کی شناخت خارجی گل بہادر گروپ سے وابستہ شہیداللہ عرف غازی کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ مکین کا رہائشی ہے اور متعدد دہشت گرد حملوں میں حصہ لے چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ میں موجود دیگر مشتبہ افراد کی شناخت اور ان کے پس منظر کی جانچ کا عمل بھی جاری ہے۔
یہ معاملہ اس لیے بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ پی ٹی آئی کا موجودہ مارچ ایسے وقت میں جاری ہے جب عدالت کی جانب سے پُرامن احتجاج اور سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق واضح ہدایات موجود ہیں۔
اس سے قبل بھی 2024 کے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران تشدد اور اسلحے کے استعمال کے واقعات سامنے آئے تھے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس احتجاج میں 4 رینجرز اہلکار جاں بحق جبکہ 66 پولیس اہلکار اور 36 شہری زخمی ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے موجودہ لانگ مارچ کو عمران خان کی رہائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے احتجاج قرار دیا گیا ہے۔ مارچ 4 اکتوبر کو لکی مروت سے شروع ہوا اور پارٹی کے طے شدہ شیڈول کے مطابق مختلف اضلاع سے قافلے اس میں شامل ہو رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









